لاہور: (دنیا نیوز) شہباز تتلا اغواء اور مبینہ قتل کیس میں ملزم ایس ایس پی مفخر عدیل اور اسد بھٹی کے جسمانی ریمانڈ میں تین روز کی توسیع کر دی گئی۔ عدالت نے ملزم مفخر عدیل کے والد کی درخواست پر ملاقات کی اجازت دے دی۔
ملزم مفخر عدیل اور اسد بھٹی کو سخت سیکیورٹی میں ماڈل ٹاؤن کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ بشریٰ انور کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ شہباز تتلہ کے وکیل فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے دوران تفتیش کچھ لوگوں کی شناخت کی، عدالت تفتیش کے لیے ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ دے۔
وکیل آفتاب باجوہ نے ایس ایس پی مفخر عدیل پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا، ایس ایس پی مفخر عدیل کے والد بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بیٹے سے ملاقات کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم ایس ایس پی مفخر عدیل اور اسد بھٹی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کر دی۔