لاہور: (دنیا نیوز) ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ناقص دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ پاک عرب سوسائٹی میں واقع 8 ملک شاپس کی چیکنگ کے دوران 4 دکانیں سیل اور 4 کو اصلاحی نوٹس جاری کردیئے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کے آپریشن کے دوران ملک شاپس پر موجود 480 لٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی، 280 لٹر ناقص دودھ تلف کر دیا گیا۔ غیر معیاری دودھ کی فروخت پر الرحمن، المدینہ، نور سحر اور نیکو ملک شاپس کو سیل کر دیا گیا۔ ہجویری، الجنت، اجالا اور عطاری ملک شاپس کو انتظامات میں مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
ملک شاپس کو معیاری اور خالص دودھ فروخت کرنے کے لیے مکمل ہدایت نامے بھی دیئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق سیل کی گئی شاپس کے دودھ میں نیچرل فیٹس اور ایل آر انتہائی کم پائی گئی۔ موقع پر موبائل لیب میں موجود جدید مشینوں سے دودھ کی چیکنگ میں پانی کی ملاوٹ بھی پائی گئی۔
عرفان میمن نے کہا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق دودھ میں پانی یا کیمیکلز کی ملاوٹ سنگین جرم ہے۔ ملاوٹی یا قدرتی غذائیت سے محروم دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں کی صحت کے لیے مضر ثابت ہوتا ہے۔ دودھ جیسی بنیادی خوراک میں ملاوٹ آنے والی نسلوں کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔