اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی پولیس کے 8 اہلکاروں کی جانب سے پیشہ ور بھکاریوں کی پشت پناہی کا انکشاف ہوا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں اس دھندے میں ملوث ٹھیکیداروں اور اہلکاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار افراد نے انکشاف کیا تھا کہ اس دھندے میں پولیس کے کچھ ملازمین ان کی سرپرستی کرتے ہیں۔ بھکاریوں کے بیان کے بعد پولیس کے ایک اے ایس آئی، 2 ہیڈ کانسٹیبل اور 5 کانسٹیبلز کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان بھیک مانگنے کی آڑ میں منشیات فروشی بھی کرتے تھے۔ بھکاری مافیا کے ٹھیکیدار مختلف بستیوں اور جھگیوں سے بچے کرائے پر لے کر انہیں بھیک مانگنے کیلئے استعمال کرتے۔
ایک بچے سے روزانہ کی بنیاد پر 5 سے 6 سو روپے لئے جاتے تھے۔ تمام ٹھیکیداروں نے بھیک مانگنے کیلئے اپنے اپنے ایریاز مختص کر رکھے تھے۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی بھی پولیس افسر یا جوان اس دھندے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی اور وفاقی دارالحکومت کو بھکاریوں سے پاک کیا جائیگا۔