پشاور: (دنیا نیوز) اے این ایف نے پشاور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر کے ڈیڑھ ارب روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔
اے این ایف انٹیلی جنس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر پشاور میں کوہاٹ روڈ پر کارروائی کے دوران 1 ہزار 722 کلو گرام منشیات قبضے میں لے لی۔ منشیات کی کھیپ ایک ٹرک میں سیب کی پیٹیوں میں چھپائی گئی تھیں، جسے خیبرپختونخوا سے پنجاب سمگل کیا جا رہا تھا۔
اے این ایف حکام کے مطابق منشیات میں چرس، افیون، ہیروئن شامل ہے جس کی پاکستان میں مالیت 98 کروڑ روپے سے زائد ہے جب کہ عالمی مارکیٹ میں منشیات کی مالیت ڈیڑھ ارب روپے کے قریب بتائی جا رہی ہے۔
کارروائی کے دوران چار ملزمان خیال مت شاہ، خیال محمد، عطاء اللہ اور احسان اللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت منشیات سمگلنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔