فیصل آباد میں 2020ء شہریوں پر بھاری رہا، ایک ارب 44 کروڑ سے زائد کی لوٹ مار

Published On 30 December,2020 09:48 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں کرائم کی صورتحال کے لحاظ سے سال 2020 شہریوں پر بھاری رہا۔ پورے سال کےدوران ایک ارب چوالیس کروڑ روپے سے زائد کا مال و زر لوٹا گیا۔

پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد میں ڈاکووں، راہزنوں کا راج، سال 2020ء کے دوران شہر میں ڈکیتی، راہزنی و چوری کی وارداتوں میں گزشتہ برسوں کی نسبت کئی گنا اضافہ ہوا۔ رواں سال کے دوران ہزاروں وارداتوں ایک ارب چوالیس کروڑ روپے سے زائد کا مال و زر چھینا اور چوری کیا گیا، دن دیہاڑے ڈکیتی کے دوران قتل و شہریوں کو زخمی کرنے کے واقعات ہوتے رہے۔ شہری کہتے ہیں کہ پولیس حکام کی ناقص حکمت عملی کے سبب کرائم پرقابو نہ پایا جا سکا۔

پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2020ء میں مدینہ ڈویژن میں وارداتوں کے دوران 43 کروڑ 78 لاکھ روپے، اقبال ڈویژن میں 40 کروڑ روپے سے زائد کا مال و زر لوٹا گیا، لائل پور ٹاون کے علاقہ جات میں 17کروڑ 91لاکھ روپے،جڑانوالہ ڈویژن میں 19کروڑ روپے جبکہ صدر ڈویژن کے علاقہ جات میں 14 کروڑ روپے سے زائد کا مال و زر لوٹ لیا گیا۔

ایس ایس پی آپریشن کہتے ہیں کہ ہم نے کثیر مقدار میں مسروقہ مال ریکور بھی کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سال 2020ء تو پولیس کے دعووں اور ڈاکووں کی وارداتوں کی نذر ہوگیا، اب دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ سال پولیس حکام سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے کیا حکمت عملی اپناتے ہیں۔
 

Advertisement