کراچی میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

Published On 20 September,2021 09:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے گلشن حدید لنک روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ہے، زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ادھر منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں دھر لیا گیا، دوسری جانب ناظم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لال محمد نامی شخص جاں بحق ہو گیا، سائٹ سپر ہائی وے اور رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے قریب ڈکیتی مزاحمت کے دوران فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
 

Advertisement