لاہور: (دنیا نیوز) جوہر ٹاؤن میں قتل ہونے والی وکیل کی اسسٹنٹ کو سوتن نے شوٹر کو پیسے دیکر قتل کروایا، تین ملزمان گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
جوہرٹاؤن میں قتل ہونیوالی وکیل کی اسسٹنٹ کے کیس کا ڈراپ سین ہو گیا، ملزمہ نے اعتراف جرم کر لیا ہے کہ میرا شوہر مجھے وقت اور توجہ نہیں دیتا تھا، اس لئے قتل کا منصوبہ بنایا۔ میرے شوہر نے سوتن کو گھر خرید کر دیا، مجھے مناسب خرچہ نہیں دیت اتھا۔
ملزمہ رابعہ کا کہنا تھا کہ شوٹر کو دو لاکھ روپے میں قتل کے لیے راضی کیا، ایک لاکھ ایڈونس دیا، اجرتی قاتل عرفان 22 روز تک مقتولہ عقیلہ کی ریکی کرتا رہا، پھرواردات کی۔ مقتولہ کے شوہر کا ملازم چاند بھی ریکی میں معاونت فراہم کرتا رہا۔
ڈی ایس پی سی آئی اے کے مطابق قتل کی واردات میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزمان سے آلہ قتل اور واردات کے لیے ادا کی گئی رقم برآمد کروا لی ہے، 14 اکتوبر کو جوہر ٹاؤن میں عقیلہ سبحانی کو دفتر جاتے ہوئے شوٹر نے قتل کیا تھا۔