کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں انتظامیہ کی بارہا کوششوں کے باوجود شہرسے تجاوزات کا خاتمہ ممکن نہ ہو سکا، اہم شاہراہوں پر تجاوزات کے سبب پیدل چلنے والوں کو گاڑیوں کی آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔
کوئٹہ کی تمام تجارتی سڑکوں پر دن بدن تجاوزات کی بھرمار ہونے لگی، دکانداروں نے اپنی دکانوں سے کئی گنا تجاوز کر کے باہر تھڑے لگائے ہوئے ہیں، ریڑھی والے جہاں جی چاہے اپنی ریڑھیاں کھڑی کرکے ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کر دیتے ہیں، تجاوزات بڑھنے کے سبب عام شہری شدید مشکلات سے دوچارہیں۔
دوسری جانب شہر کے اکثرعلاقوں میں تجاوزات کے ساتھ ساتھ لوگ نجی اور سرکاری زمینوں پر قبضہ کررہے ہیں جس پر انتظامیہ شہریوں کی جانب سے شکایات آنے پر کارروائی کرتی ہے ۔
انتطامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قبضہ مافیا کی نشاندہی کریں تاکہ ان کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔