لاہور:(دنیا نیوز)سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے پیش رفت کرتے ہوئے اشتعال انگیزی پھیلانے والے ملزم عدنان سمیت 7افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق سری لنکن شہری کی ہلاکت کے افسوسناک واقعہ پر اشتعال انگیزی پھیلانے والے عدنان افتخار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری کےلیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، سری لنکن شہری کی ہلاکت کے واقعہ پر اشتعال انگیز ویڈیو بنائی اور وائرل کی تھی۔
قبل ازیں سانحہ سیالکوٹ میں ملوث مزید چھ مرکزی ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا ۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، حالیہ چھاپوں کے دوران مزید 6 مرکزی ملزمان گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سائنٹفک انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے اور سی سی ٹی سی فوٹیج اور موبائل کالز ڈیٹا سے گزشتہ 12گھنٹے میں پولیس نے مزید 6 مرکزی کرداروں کا تعین کر کے گرفتار کر لیا۔ ملزمان کو ویڈیو فوٹیج میں غیر ملکی شہری پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ملزمان اپنے دوستوں اور رشتے داروں کے گھروں میں گرفتاری کے ڈر سے چھپے ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق اب تک 124 زیرحراست افراد میں سے 19 ملزمان کا مرکزی کرادر سامنے آیا ہے۔ زیر حراست افراد میں سے اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث افراد کی نشاندہی کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب تحقیقات کے سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، تفتیش کو سائنسی انداز سے آگے بڑھایا جائے۔