لاہور:(دنیا نیوز) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نجی ٹی وی کا صحافی جاں بحق ہوگیا، جس کا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نجی ٹی وی چینل کا صحافی حسنین شاہ جان کی بازی ہار گیا۔
صحافی پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ اپنی کار میں سوار تھا جبکہ اس واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے کار سوار صحافی کوماسک پہنے نامعلوم موٹر سائیکل پر سوار افراد کی جانب سے 7 گولیاں ماری گئیں ۔
آئی جی پنجاب نے فائرنگ سے صحافی کی ہلاکت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کویقینی بنایا جائے ۔
ڈی آئی جی آپریشنز محمد عابد کی ہدایت پر تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور محمد عابد نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مددسےملزمان کو ٹریس کیاجائے۔
ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شہزادہ سلطان موقع پر پہنچے اور کہا کہ جلد ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا ، حسنین شاہ کی فیملی اورصحافی برادری کے ساتھ ہیں ، جرائم پیشہ افراد شوٹر ز کے خلاف پولیس کام کر رہی ہے ، بیرون ملک میں جو نیٹ ورک چل رہا ہے اس کا اس کیس ملوث ہونا کہنا قبل از وقت ہوگا ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی لاہور پریس کلب کے باہر نجی ٹی وی کے صحافی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔
سردار عثمان بزدار نے مقتول کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے پولیس کو قتل میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا اور کہا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور مقتو ل حسنین شاہ کے لواحقین کو ہرصورت انصاف فراہم کیا جائے۔