لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ مری جیسے حادثات سے بچنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئیں۔ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں کو سفارشات کی روشنی میں اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلی پنجاب نے کمیٹی کی سفارشات پر مری کو ضلع کا درجہ دینے کی منظوری دے دی۔ مری کو بلدیاتی انتخابات کے بعد ائندہ مالی سال میں باضابطہ ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے مری میں محکمہ موسمیات کے دفتر کے قیام کی بھی منظوری دی۔ پنجاب اس ضمن میں وفاق اور متعلقہ وزارت کے ساتھ ملکر اقدامات کرے گا۔
سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی نے مری میں ڈپٹی کمشنر اور آرمی آفیسر پر مشتمل مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کی سفارش کر دی۔ کمیٹی نے گائیڈ مری کے نام سے سیاحوں کے لئے ایپ کی بھی سفارش کر دی۔ کمیٹی نے مری میں برف ہٹانے کے لئے جدید مشینری کی خریداری کی سفارش کر دی۔ وزیر اعلی نے متعلقہ محکموں کو مشینری کی خریداری کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ تحقیقاتی کمیٹی نے مری میں ٹریفک کی انٹری اور اخراج کے لئے آٹو میٹڈ سسٹم لگانے کی سفارش کر دی۔
کمیٹی نے مری میں وارننگ سسٹم کے لئے اقدامات کی بھی سفارش کر دی، جس میں کہا گیا کہ سیاحوں کو خطرناک موسم اور ٹریفک کے بہاؤ سے آگاہ رکھا جائے۔ کمیٹی نے مری کے ماسٹر پلان کے حوالے سے اقدامات کو جلد مکمل کرنے کی سفارش کر دی۔ کمیٹی کی سفارش پر وزیراعلی پنجاب نے مری میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لئے ہدایت کر دی۔