لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بیرسٹرخالدخو رشیدکی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کاکہناتھاکہ شعبہ صحت اورلینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن میں گلگت بلتستان حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ میڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے گلگت بلتستان حکومت کو پورا سپورٹ کیا جائے گا۔ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے گلگت بلتستان میں لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے میں معاونت کریگا۔ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کو 15ہزارمیٹرک ٹن گندم فراہم کرے گی۔ گلگت بلتستان میں عوامی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے پنجاب حکومت پوری معاونت جاری رکھے گی۔ پنجاب حکومت نے ہمیشہ دیگر صوبوں کو مختلف شعبوں میں تکنیکی اورفنی معاونت فراہم کی ہے۔ گلگت میں بسنے والے عوام ہمارے بہن بھائی ہیں۔ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے جو کچھ ممکن ہوا کرتے رہیں گے۔ جلد ہی گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں معصوم کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔
عثمان بزدار نے کہاکہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور کشمیر کے عوام کے انمٹ رشتے کو جدا نہیں کر سکتی۔
بیرسٹر خالد خورشید نے مختلف شعبوں میں تعاون پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے تعاون سے بھائی چارے اور یکجہتی کو فروغ ملے گا۔
بیرسٹر خالد خورشید نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔