کراچی: (دنیا نیوز) سی ٹی ڈی نے حیدرآباد میں چینی ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کو ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گلستان جوہر میں کامران چورنگی کے قریب کارروائی کر کے کالعدم دہشتگرد تنظیم ایس آر اے کے رکن محمد افضل لنڈ عرف عافی کو گرفتار کیا گیا جب کہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ جرمنی میں جلاوطن تنظیم کے سربراہ ذوالفقار خاصخیلی عرف سفیر سے براہ راست رابطے میں ہے، خاصخیلی اس کی مالی معاونت کر رہا ہے، ملزم کے بھیجے گئے پیسوں سے موٹر سائیکل اور اسلحہ خریدا ہے۔
ملزم نے مزید بتایا کہ ذوالفقار خاصخیلی نے اسے حیدرآباد میں چینی ڈینٹل کلینک کے ڈاکٹر کو قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا جس کی ملزم نے ریکی بھی مکمل کر لی تھی تاہم منصوبے پر عمل درآمد کرنے سے پہلے ہی اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ گرفتار ملزم کراچی صدر میں چینی ڈینٹل کلینک پر ٹارگٹڈ کارروائی کرنے والے ملزمان کا ساتھی ہے۔