کراچی: ( دنیا نیوز ) شہر قائد میں ایک اور معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا کیس سامنے آگیا، شاہ لطیف تھانے کی حدود میں سگے ماموں پر 8 سالہ بھانجی کے ساتھ زیادتی کا الزام ہے۔
اس حوالے سے بچی کی والدہ نے دعویٰ کیا کہ بھائی سلمان لاشاری آئس کا نشہ کرتا ہے، میرے بھائی کے دوست نے بچی کے ساتھ زیادتی کی، ملزموں نے زیادتی کے بعد بچی کے ہاتھوں کی انگلیاں کاٹ دیں۔
ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق بچی کے ماموں رفیق لاشاری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں نامزد ماموں سلمان اور اسکی بیوی ثمرین کو گرفتارکیا گیا ہے، بچی کے جسم پر نشانات موجود ہیں، گرفتار ملزم سلمان کا بیان قلم بند کر لیا ہے، بچی کومیڈیکل کے لیئے ہسپتال بھیج دیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچی کے ماموں کے غفار نامی دوست کی عمر 70 سال ہے، غفار کی گرفتاری کے لیئے پولیس چھاپے مار رہی ہے، ابھی بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی، میڈیکل رپورٹ آنے کے کا انتظار ہے۔
ملزم کے بیان کے مطابق بچی کبریٰ 7 سال سے ہمارے پاس تھی، اسکی ماں نے خود بچی کو ہماری کفالت میں دیا ہوا تھا، بچی پر جنات کا اثر تھا اس نے اپنی انگلیاں خود منہ سے کاٹیں، بچی کی ماں دم درود کرنے والے فقیر کو لائی جس وجہ سے بچی کا ہاتھ جلا، تشدد نہیں کیا۔