پاکپتن : (دنیا نیوز) گھروں میں ڈکیتی کی دو بڑی وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے نقدی اور سونا لوٹ کر فرار ہوگئے ۔
پہلی واردات پاکپتن کے گاؤں 111ای بی میں ملک منور نامی زمیندار کے گھر ہوئی جہاں 6 ڈاکو اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 60 لاکھ روپے نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کرفرارہوگئے ۔
مزاحمت پر ڈاکوؤں کے تشدد سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا ، جس کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
اہل خانہ کے مطابق ڈاکو گھروالوں سے فروخت کی گئی زمین کے ملنے والے پیسوں کے بارے میں پوچھتے رہے ، ملک منور نے گزشتہ دنوں زمین فروخت کی تھی۔
ڈکیتی کا دوسرا واقعہ ضلع لاہور چوکی ہئیر کے ملکوکی گاؤں میں پیش آیا جہاں 4 نامعلوم ڈاکو دیوار پھلانگ کر فارم ہاؤس میں داخل ہوئے، ڈاکو 10تولہ سونا،8 عدد گھڑیاں،2 عدد موبائل فون اور نقدی لے کر فرار ہوگئے ۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔