لاہور : (دنیانیوز) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار مبینہ دہشت گردگرفتار کرلیے ۔
کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب (سی ٹی ڈی ) حکام کے مطابق کارروائی سرگودھا ، راولپنڈی اور گوجرنوالہ میں کی گئی ، مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم داعش اور ٹی ٹی پی سے ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 2 ارکان سلمان اورملک اسرار، کالعدم تنظیم داعش کے 2ارکان شیر زمان‘ اورشیر محمد شامل ہیں۔
دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز 520 گرام، ایک عدد آئی ای ڈی بم،2 عدد راکٹ شیل ، 7عدد بوسٹر شیل آر پی جی 4 عدد ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز وائر 6 فٹ، پرائما کارڈ 2عدد،ایک پستول‘6 گولیاں، 26 پمفلٹ،30اسٹیکرز، ایک موبائل فون اور24340روپے سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔
حکام کاکہنا ہے کہ گرفتار مبینہ دہشت گردوں کے خلاف راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال اورگوجرانوالہ میں 4 ایف آئی آرز درج کروا کے تفتیش کے لیے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق رواں ہفتے 248 کومبنگ آپریشنز کے دوران 51 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں ، کومبنگ آپریشنز میں گیارہ ہزار پانچ سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ۔
حکام کاکہنا ہے کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔