کراچی : (دنیانیوز) کراچی کےعلاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھکرگوٹھ میں باپ نے فائرنگ کرکے بیٹی اور اس کے نوجوان دوست کو قتل کردیا ۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر پیش آیا ہے جہاں ملزم رفیق نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کر کے بیٹی لاریب اور اس کے دوست حسن کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔
اس حوالے سے ایس ڈی پی اوسہراب گوٹھ چوہدری سہیل فیض کا کہنا ہے کہ لڑکے کی شناخت حسن اور لڑکی کی لاریب کے نام سے ہوئی ہے ، گاڑی سے ملنے والا شناختی کارڈ مقتول کے چھوٹے بھائی کا ہے، حسن اور لاریب کی دوستی تھی اور وہ صبح چھوڑنے آیا تھا ، دونوں گاڑی میں بیٹھ کر باتیں کر رہے تھے۔
باپ نے دیکھا کےگھرمیں بیٹی موجود نہیں ، لڑکی کے والد رفیق احمد کو پتا چلا تو اس نے گاڑی پر فائرنگ کردی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائےوقوعہ سے پستول کے پانچ خول ملے ہیں جبکہ گاڑی پر متعدد گولیوں کے نشانات موجود ہیں ۔
پولیس کی جانب سے مقتولین کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی لڑکی کے والد رفیق احمد اور بھائی نے غیرت کے نام پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے ، واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔