صحافی جان محمد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کچے میں آپریشن جاری، علاقے کا مکمل محاصرہ

Published On 20 September,2023 01:40 am

سکھر: (دنیا نیوز) صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے آپریشن تیسرے روز بھی جاری رہا، اس حوالے سے ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے شہباز رینجرز کے ونگ کمانڈر کے ہمراہ کچے کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی سکھر نے بتایا ہے کہ شہید جان محمد مہر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہے، شاہ بیلو سمیت کچے کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن میں رینجرز کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔

عرفان علی سموں نے مزید کہا ہے کہ پولیس اور رینجرز نے فتو پتن، تھیم پکیٹ، مرچو جھیل، سرفو جھیل، ٹی بندی، قالو قادرانی سمیت دیگر علاقوں کا مکمل گھیراؤ کیا اور اس دوران گھروں و دیگر مقامات کی تلاشی لی گئی، ملزمان کی بجلی بھی کاٹ دی گئی ہے۔

ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ آنے جانے والے تمام راستوں اور چلنے والی کشتیوں کو مکمل بند کر دیا گیا ہے، شہید جان محمد مہر کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے خوشخبری دیں گے۔