ٹوبہ ٹیک سنگھ : (دنیا نیوز) نواحی گاؤں میں بھائی نے نامعلوم وجوہات پر بہن کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔
ذرائع کے مطابق بھائی نے اپنے باپ اور دیگر افراد کی موجودگی میں اپنی 22 سالہ بہن ماریہ کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا ، قتل کی واردات کے بعد باپ نے اپنے قاتل بیٹے کو پانی بھی پلایا۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چک نمبر 477 ج ب میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کا مقدمہ پولیس نے اپنی مدعیت میں درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کا کہناہے کہ ماریہ کو 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب میں قتل کرنے کے بعد خاموشی سے دفنا دیا گیا ، مقتولہ کے دوسرے بھائی نے قبر کشائی کی درخواست دی۔
ڈی پی او نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کی قبر کشائی کر کے لاش برآمد کر لی گئی ہے اور واقعہ کی وجوہات جاننے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔