بہاولنگر اور شجاع آباد میں پتنگ فروشوں کیخلاف کارروائی، 6 گرفتار

Published On 27 March,2024 07:17 am

بہاولنگر: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر صوبے بھر میں پتنگ بازی میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے بہاولنگر ضلع میں پتنگ فروشوں کیخلاف کارروائی کر کے چار پتنگ فروشوں کو حراست میں لے لیا، پتنگ فروشوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں پتنگیں اور دھاتی ڈور برآمد کر کے قبضے میں لے لی۔

دوسری جانب شجاع آباد میں بھی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 2 پتنگ فروش گرفتار کر لیے، ملزموں سے پتنگیں اور دھاتی ڈور برآمد کر لی، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔

ادھر فیصل آباد کے علاقے ڈجکوٹ روڈ پر ڈور پھرنے سے نوجوان آصف کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جہاں نوجوان کی ہلاکت کا سبب بننے والے ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق مختلف تکنیکی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے عابد کو حراست میں لیا گیا، مرکزی ملزم کے انکشاف پر اسکے دیگر ساتھیوں کو گرفتار کیا گیا، ملزمان جائے وقوعہ کے قریب واقع بلند عمارت پر پتنگ بازی کر رہے تھے، ملزموں سے جلا ہوا پتنگ بازی کا سامان برآمد ہوا۔

واضح رہے کہ جمعہ کی شام 22 سالہ آصف گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف اپنی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کیا تھا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔