لاہور: (دنیا نیوز) دو روز قبل شاہدرہ ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر لڑکی اور نوجوان کو قتل کرنے والے دونوں ڈاکو پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے گھوڑے شاہ میں دودھ کی دکان پر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں نوجوان اور ایک راہگیر لڑکی موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے، دونوں قتل کے الگ الگ مقدمات درج کیے گئے۔
قتل کا ایک مقدمہ تھانہ شاہدرہ میں 17 سالہ انیقہ کے بھائی کی مدعیت میں درج ہوا جبکہ پولیس نے 24 سالہ شیروز بٹ کے قتل کا دوسرا مقدمہ مقتول کے چچا کی مدعیت مین درج کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی دونوں قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس افسران سے رپورٹ طلب کی تھی۔
پولیس نے دونوں قتل کی تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے دونوں خطرناک ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی کے دوران دونوں ڈاکو گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گئے، پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دیں۔
ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کا تعلق ٹوپی گینگ سے تھا، ملزموں نے چار روز قبل فائرنگ کر کے پولیس کانسٹیبل کو بھی شہید کیا اور اس کی سرکاری رائفل لے کر فرار ہو گئے تھے، ملزموں نے گزشتہ چند روز میں دوران ڈکیتی 5 افراد کو قتل اور متعدد کو زخمی کیا جبکہ شاہدرہ ٹاؤن، شاہدرہ اور گرد و نواح میں ہونے والی درجنوں وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔