کراچی: (دنیانیوز) کراچی کے ساحل سی ویو پر آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کی مبینہ خودکشی کے ڈرامے کا ڈراپ سین ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان طاہرمحمود شاہ فیصل میں گھر کے قریب سے بیہوشی کی حالت میں مل گیا، ڈوبنے کی اطلاع پر گزشتہ روز سے نوجوان کی تلاش جاری تھی، واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
شاہ فیصل کالونی تھانے کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی ابراہیم نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح طاہر محمود کی شاہ فیصل میں موجودگی کی اطلاع ملی، طاہر محمود علاج کے لئے ہسپتال میں موجود تھا، طاہر محمود اور فیملی کو تھانے طلب کیا گیا اور بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔
طاہر محمود کے بیان میں تضاد ہے چونکہ واقعہ درخشاں تھانے میں رپورٹ ہوا تھا، طاہر محمود کو درخشاں پولیس کے حوالے کیا جائے گا مزید قانونی کارروائی درخشاں پولیس کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نوجوان کے والد محمود نے کہا تھا کہ رات گئے بہو نے روتے ہوئے فون کیا اور کہا طاہر سی ویو پر ہے ہمیں فوری وہاں جانا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ راستے میں بہو نے بتایا طاہر نے سمندر میں جاتے ہوئے ویڈیو کال کی تھی، بتایا کہ میں خودکشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہو، وہ جب سے لاپتہ ہے، معلوم نہیں کیا ہوا ہے۔