لاڑکانہ: (دنیا نیوز) اسلام آباد سے اغوا ہونے والی سعودی عرب کی شہری خاتون کو اسلام آباد پولیس نے لاڑکانہ پولیس کی مدد سے بازیاب کروالیا۔
اسلام آباد پولیس کی ٹیم نے لاڑکانہ پولیس کی مدد سے خاتون اور اغوا کار کو رحمت پور کے علاقے سے بازیاب کروایا، پولیس ملزم عبدالواحد شاہد خان اور مغوی خاتون سعودی شہری حنان عبداللہ البشر کو لیکر اسلام آباد روانہ ہوگئی۔
چند روز قبل اسلام آباد کے مارگلہ تھانے میں خاتون کے رشتے دار نے سعودی سفارت خانے کے توسط سے ایف آئی آر درج کروائی، مقدمہ نمبر 246/2014 زیر دفعہ 365 ت ب کے تحت درج کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے کا ملزم عبدالواحد شاہد خان اور مغوی سعودی شہری حنان عبداللہ البشر پسند کی شادی کے لیے گھر سے نکلے تھے، اسلام آباد سے کراچی جاتے ہوئے پولیس نے مغوی بتائی جانے والی سعودی خاتون اور مرد کو گزشتہ شب گرفتار کیا۔
لاڑکانہ کے رحمت پور تھانے میں ضروری کارروائی کے بعد خاتون اور مرد کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کردیا گیا ، گرفتار ملزم اور بازیاب کروائی جانے والی سعودی خاتون شادی کرچکے ہیں۔