کراچی اور حیدر آباد میں پولیس کی کارروائیاں، 2 زخمیوں سمیت 5 ملزم گرفتار

Published On 03 May,2024 06:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور حیدر آباد میں پولیس نے کارروائیاں کر کے دو زخمیوں سمیت 5 ملزموں کو حراست میں لے لیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہار سے پولیس نے موٹر سائیکلز کی چوری میں ملوث 2 ملزموں کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکل برآمد ہو گئے۔

گرفتار ملزموں نے مزید موٹرسائیکلیں چوری کرنے کا بھی انکشاف کیا ہے، ملزم موٹر سائیکلوں کا سامان نکال کر منشیات کے اڈے پر فروخت کرتے تھے۔

ادھر جناح ہسپتال میں موٹر سائیکلیں چوری کرنے والا ایک اور ملزم حراست میں لے لیا گیا، ملزم کو ہسپتال کی ایمرجنسی سے گرفتار کیا گیا، پولیس نے ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

کراچی کے علاقے بلدیہ گلشن غازی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا جہاں اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب حیدر آباد میں دوران چیکنگ مشکوک موٹر سائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کر دوران ایک ملزم گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔