کھاریاں: (دنیا نیوز) ساتھی خواجہ سرا پر پولیس تشدد کے خلاف خواجہ سراؤں نے تھانہ صدر کھاریاں پر دھاوا بول دیا۔
خواجہ سراؤں نے جی ٹی روڈ کھاریاں بلاک کر کے احتجاجی دھرنا دے دیا، خواجہ سراؤں کا مؤقف تھا کہ گزشتہ شب پولیس اہلکاروں نے خواجہ سراؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا، خواجہ سراؤں کو رات بھر بلاوجہ حراست میں بھی رکھا گیا۔
پولیس کے مطابق خواجہ سرا زبردستی تھانے میں گھس آئے اور فرنیچر باہر سڑک پر پھینک دیا، خواجہ سراؤں نے تھانے ہر پتھراؤ بھی کیا، خواجہ سرا پر تشدد کی تفتیش کریں گے، جرم ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ڈی پی او گجرات سید اسد مظفر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کردی، انکوائری رپورٹ میں واقع کے ذمہ داران دو اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
سید اسد مظفر کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے شفاف انکوائری کی جا رہی ہے، محکمہ کے لیے بدنامی کا باعث بننے والے افسران کسی رعایت کے مستحق نہ ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والے خواجہ سراؤں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔