اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے آن لائن کمپنی کے ٹیکسی ڈرائیور کو موت کے گھات اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق قتل کا لرزہ خیز واقعہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے آئی نائن تھانے کی حدود میں کٹاریاں کے قریب پیش آیا جہاں پر نامعلوم افراد نے آن لائن ٹیکسی بک کی اور کچھ دور جانے کے بعد ڈرائیور کا گلا کاٹ کو جان سے مار دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، مقتول کی شناخت 30 سالہ بلال سیٹھی کے نام سے ہوئی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب قتل ہونے والے 30 سالہ بلال سیٹھی کے لواحقین کا کہنا ہے کہ بلال کا کسی سے کوئی جھگڑا یا پیسوں کا لین دین نہیں تھا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کے قتل کا افسوسناک واقعہ رات کو آئی نائن تھانے کی حدود میں کٹاریاں کے قریب پیش آیا۔