اسلام آباد:(دنیانیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر ظلم ختم ہونا چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کئی مہینوں سے فلسطینیوں پر اسرائیل بم برسا رہا ہے، پاکستان غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ غزہ میں بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، پاکستان نے عالمی فورمز پر غزہ میں ہونے والے مظالم کی مذمت کی، اسرائیل نے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور عوام کو قحط میں دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے متعلق او آئی سی کی رپورٹ کا پاکستان خیر مقدم کرتا ہے، انصاف دلانے کے لیے پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر مؤقف کی توثیق کو سراہتا ہے، اجلاس نے بھارت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا، پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پر آئے، وہ آج صدر مملکت سےملاقات کریں گے، ازبک وزیر خارجہ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔