گندم خریداری باردانہ میں اربوں کی کرپشن پر 2 پراجیکٹ منیجر، 3 سینٹر انچارج گرفتار

Published On 28 May,2024 07:54 pm

بہاولنگر: (دنیا نیوز) پاسکو گندم خریداری باردانہ میں اربوں روپے کی کرپشن کے معاملہ پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 2 پراجیکٹ منیجر، 3 سینٹر انچارج حراست میں لے لیے۔

پاسکو کے 5 افسران کو ایف آئی اے لاہور کی ٹیم نے گرفتار کیا، ملزمان کو گندم خریداری کے دوران بڑی کرپشن میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا، ملزمان کو ایف آئی اے ٹیم نے تھانہ سٹی اے ڈویژن میں بطور راہداری رکھا ہوا ہے۔

بہاولنگر میں گندم خریداری کے دوران پاسکو افسران کی بڑی کرپشن کا سکینڈل سامنے آیا تھا، سابق زونل منیجر پاسکو ملک جبران کرپشن کیس کا نامزد مرکزی ملزم ہے۔

سابق زونل منیجر پاسکو ملک جبران کی گرفتاری ابھی تک نہیں ہوسکی، مذکورہ افسران پر ٹارگٹ سے 98 ہزار سے زائد بوریاں سینٹرز پر لگانے کا الزام ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی لاجسٹک پاسکو شازیہ الطاف کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے۔