بہاولنگر: (دنیا نیوز) بہاولنگر میں مسلح ڈاکوؤں نے گھر میں داخل ہو کر لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر نوجوان کو گولیاں مار دیں، اوکاڑہ میں نجی کلینک کے عملے کو لوٹ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر کے علاقے سعد اللہ ٹاؤن میں 4 سے 5 مسلح ڈاکو گھر میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور رسیوں سے باندھ کر لوٹ مار شروع کر دی، اس دوران مزاحمت کرنے پر ملزموں نے فائرنگ کر کے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا، ڈاکو فائرنگ کرنے کے بعد قیمت سامان اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔
زخمی ہونے والے نوجوان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے، متاثرہ نوجوان کی شناخت 25 سالہ سعد کے نام سے ہوئی، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری طرف اوکاڑہ کے علاقے تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں لالہ زار کالونی میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی جہاں ڈاکو نجی کلینک کے عملے کو یرغمال بنا کر 2 لاکھ روپے نقدی، موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔