جعلی ٹیکنیکل ڈگریاں جاری کرنے والے غیر قانونی اداروں کے 3 مالکان گرفتار

Published On 29 May,2024 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجرا کے معاملہ پر ایف آئی اے نے غیر قانونی اداروں کے 3 مالکان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزموں میں ذیشان زاہد، عمر فاروق اور احسن الدین شامل ہیں، ملزموں نے عام شہریوں کو بھاری رقوم کے عوض جعلی ٹیکنیکل سرٹیفکیٹ، ڈگریاں اور کارڈز جاری کئے تھے، ملزم جعلی اداروں کے نام سے مختلف اخبارات اور سوشل میڈیا پر داخلے کے اشتہارات لگاتے تھے۔

ایف آئی اے نے چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں جعلی ڈگریاں، سرٹیفکیٹ، کارڈز، ڈپلومے اور سرٹیفکیٹ بنانے والے آلات برآمد کر لئے، ملزموں کے قبضے سے جعلی مہریں، ڈپلومہ سٹیکرز، خالی سرٹیفکیٹس اور لیٹر ہیڈ بھی برآمد کر لئے۔