اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس مقابلے کے دوران 3 کار چور ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ کی حدود کشمیر چوک کے قریب پولیس اور ملزموں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 3 کار چور مارے گئے جبکہ ساتھی خاتون کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 4 رکنی کار چوروں کا گروہ مری سے اسلام آباد داخل ہو رہا تھا، کار چوروں کے داخل ہونے کی اطلاع پر پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کار سوار چوروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی ، جوابی فائرنگ سے تین کار چور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ساتھی زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے لاہور سے چوری کی گئی گاڑی، اسلحہ اور متعدد نمبرز پلیٹس برآمد کر لی گئی ہیں۔