کراچی اور سکھر میں مبینہ مقابلے، 2 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار، ایک فرار

Published On 24 June,2024 06:32 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور سکھر میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 زخمیوں سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں جہانگیر روڈ پر 3 مسلح ڈاکو شہری سے 8 لاکھ روپے کی نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری نے ملزموں کا تعاقب شروع کر دیا۔

پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا، پولیس نے زخمی سمیت تینوں ڈاکوؤں کو حراست میں لے لیا، ملزموں سے لوٹا ہوا مال برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

دوسری جانب سکھر کے علاقے تھانہ ای سیکشن کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس ایک ساتھی فرار ہو گیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔