حیدر آباد: (دنیا نیوز) جائیداد کے تنازع پر احاطے میں دیوار بنا کر قید کی گئی ماں اور بیٹی بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق لطیف آباد کے گھر میں بھتیجوں نے چچی اور بیٹی کو دیوار بنا کر قید کردیا تھا، واقعہ کا مقدمہ قید ہونے والی خاتون تسلیم جہاں کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق بیوہ خاتون تسلیم جہاں اور اس کی بیٹی کو جائیداد کے تنازع پر دیوار چنوا کر قید کیا گیا۔
خاتون نے بیان دیا کہ مکان کے تین حصے ہیں، ایک میں ہم ماں، بیٹی رہائش پذیر ہیں، مکان کے کاغذات میرے دیور سہیل کے پاس ہیں۔
تسلیم جہاں نے بیان دیا کہ 28 تاریخ کو دوپہر کے وقت انہوں نے ہمیں قید کرکے دیوار کھڑی کر دی۔
پولیس کے مطابق پڑوسی کی اطلاع پر کارروائی کر کے دیوار توڑ کر دونوں خواتین کو بازیاب کروایا گیا، واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ایس پی حیدر آباد
ایس ایس پی حیدر آباد ڈاکٹر فرخ النجار نے کہا کہ جیسے ہی معاملے کا پتہ چلا پولیس نے فوری کارروائی کی، خاتون اور ان کی بچی کو پولیس نے ریسکیو کیا، معاملے کی فوری طور پر آیف آر درج کی گئی۔
ڈاکٹر فرخ النجار نے کہا کہ ہمیں جومعلوم ہوا ہے کہ یہ خاتون بیوہ ہیں اور گھر ان کے شوہر کے نام پر تھا، معاملہ اس کی گھر مالکیت کا تھا۔
ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا کہ معاملہ خاتون کے دیور اور ان کے بچوں کے درمیان تھا، خاتون کے دیور نے انہیں گھر میں چنوا دیا تھا، ماں بیٹی کو قید رکھنے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین لوگ ہیں جو ابھی فرار ہیں، ان کو بھی ہم انشاءاللہ جلدی گرفتار کریں گے، یہ جائیداد کا تنازع ہے۔