کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی، حیدر آباد اور سیہون شریف میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 12 گرفتار جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے 2 شہری بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔
کراچی کے علاقے آئی سی آئی پل کے اوپر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر 2 شہریوں کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے، متاثرہ نوجوانوں کی شناخت عاقب اور عقیل کے ناموں سے ہوئی، دونوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی غریب نواز چوکی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جس کی شناخت صادق کے نام سے ہوئی جبکہ ایک فرار ہو گیا، گرفتار ڈاکو سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
ادھر حیدرآباد کے علاقے ٹنڈو جام تھانے کی حدود میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہو گیا، گرفتار ہونے والا ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔
سیہون شہر میں پولیس نے کومبنگ آپریشن کر کے 10 مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی محمد طارق نواز کا کہنا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کومبنگ آپریشن کیا گیا ہے۔