کراچی: (دنیا نیوز) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس یونیفارم میں غیر متعلقہ ویڈیوز بنانے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے پولیس قواعد و ضوابط اور معاشرتی اداب کو بالائے طاق رکھ کر ٹک ٹاک بنانے والے پولیس ملازمین کے خلاف سخت ایکشن کے احکامات جاری کر دیئے، احکامات ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز و ایس ایس پیز کراچی کو جاری کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی : خاتون پولیس اہلکار بھی مبینہ رشوت خوری میں ملوث نکلی
غلام نبی میمن نے احکامات میں کہا ہےا کہ بیہودہ، ذومعنی وائس اوور، پلے بیک سانگ اور بدلحاظی پر مشتمل ویڈیو بنانے اور اپ لوڈ کرنیوالے پولیس ٹک ٹاکرز کے خلاف فی الفور محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی ویڈیوز بنا کر محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والوں کی پولیس فورس میں کوئی گنجائش نہیں ہے، محکمہ پولیس ایک یونیفارم ڈسپلن فورس ہے، پولیس وردی کا احترام ہم سب پر لازم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 88 ممالک کی جیلوں میں 20 ہزار پاکستانی قید ہونے کا انکشاف
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مرد اور خواتین پولیس ملازمان کو ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ نہ کرنے کا پابند بنایا جائے، ٹک ٹاک پر ویڈیو شیئر کرنیوالے پولیس ملازمین کے خلاف پولیس رولز کو سامنے رکھتے ہوئے سخت انضباطی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ پولیس یونیفارم میں کسی بھی پلیٹ فارم سے پولیس اہلکاروں کو ویڈیو بنانے کی ہر گز اجازت نہ ہوگی۔