لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث تین ملزمان گرفتار کر لیے۔
حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت محمد حسین، محمد یوسف اور حافظ محمد عقیل کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم محمد حسین نے شہری کو کینیڈا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 15 لاکھ جبکہ ملزم محمد یوسف نے 50 لاکھ روپے وصول کئے، ملزم محمد عقیل نے شہری کو دبئی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 35 لاکھ روپے وصول کئے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔