ملتان: آن لائن مالیاتی فراڈ ، بھتہ خوری میں ملوث منظم گروہ کے 18 ملزمان گرفتار

Published On 11 October,2024 11:25 am

ملتان: (دنیانیوز) ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل ملتان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن مالیاتی فراڈ، بلیک میلنگ ، بھتہ خوری ، کال سپوفنگ ، اور شناخت چھپا کر دھوکہ دہی میں ملوث منظم گروہ کے 18 ملزمان گرفتار کرلیے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات پر سائبر کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، گرفتار ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں ملتان سے گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان میں محمد وسیم، محمد ذوہیب، یوسف شبیر، محمد راشد، محمد ندیم،مزمل حسین ، محمد اکرم، عماد اکرم ، اسد سکندر ، چاند اسلم، بلال اصغر شامل ہیں ۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی میں محمد ابوبکر، عبد الرحمٰن، محمد جنید یعقوب، علی حسن ، سید بلال فہیم ، محمد شہزاد اور فیصل اقبال کو بھی گرفتار کیا گیا، تمام ملزمان سپوفنگ کالز کے ذریعے بھتہ خوری، بلیک میلنگ، ہراسمنٹ ، جعلی شناخت اور شناخت چوری کے جرائم میں ملوث پائے گئے ۔

ایف آئی اے حکام کاکہنا ہے کہ ملزمان خود کو بینک کا نمائندہ ظاہر کر کے شہریوں کو کال کرتے تھے، ملزمان شہریوں کو کال کر کے بینک سے متعلق ریکارڈ کی معلومات حاصل کرتے تھے، ملزمان انگریزی، عربی میں مہارت رکھتے ہیں اور اسی مہارت کو استعمال کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو لوٹتے تھے ۔

حکام کاکہنا ہے کہ ملزمان نے شہریوں کے بینک اکاؤنٹس تک غیر قانونی طور رسائی حاصل کی ، ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ چھاپہ مار کارروائی میں ملزمان کے قبضے سے 12 عدد سمارٹ فونز، 9 عدد لیپ ٹاپ، انٹرنیشنل بینک اکاؤنٹس، انٹرنیشنل اے ٹی ایم کارڈز برآمد ہوئے، ملزمان سے سپوفنگ سافٹ ویئر بھی برآمد کر لیا گیا جس سے وہ شہریوں کو فراڈ کالز کرتے تھے۔

حکام کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔