لاہور میں دیرینہ دشمنی پر باپ اور دو بیٹے قتل، ایک زخمی

Published On 02 November,2024 01:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں دیرینہ دشمنی پر باپ کو دو بیٹوں سمیت قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات صوبائی دارالحکومت کے علاقے سگیاں میں ہوئی جہاں 2 موٹرسائیکلوں پر آنے والے 4 ملزمان نے سگیاں راوی پل پر رکشے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں باپ اور دو بیٹے جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رکشہ میں سوار باپ اور بیٹوں سمیت پانچ افراد سیشن کورٹ میں پیشی کیلئے جارہے تھے، مقتولین کی شناخت صفدر، یاسر صفدر اور ناصر صفدر کے نام سے ہوئی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لے کر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ 

ایس پی سٹی علی رضا نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول صفدر اور اسکے بیٹوں کا قاتل اسکا سگا بھائی اور بھتیجے نکلے، ملزم عبدالغفور نے اپنے بیٹے محمد افضل کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اپنے بھائی اور بھتیجوں کو قتل کیا ،افضل کو 2015 میں مقتول صفدر اور اسکے بیٹوں نے قتل کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ کا مقدمہ عبدالغفور اور اس کے بیٹوں کے خلاف درج کیا جا رہا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تین مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،ملزمان اپنے گھروں میں تالے لگا کر فرار ہو چکے ہیں۔