پنجاب پولیس کا کچے میں مشترکہ آپریشن، لنڈ گینگ کا سرغنہ شاہد لنڈ ہلاک

Published On 08 November,2024 10:15 pm

لاہور :(دنیا نیوز) رحیم یار خان اور راجن پور پولیس نے مشترکہ آپریشن میں انتہائی مطلوب ڈاکو اور لنڈ گینگ کے سرغنہ شاہد لنڈ کو مقابلے میں ہلاک کردیا۔

 پنجاب پولیس کے  ترجمان کے مطابق مطابق رحیم یار خان اور راجن پور پولیس نے کچے میں خطرناک جرائم پیشہ افراد کے خلاف اہم ترین کامیابی حاصل کرلی، پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کچہ بنگلا اچھا میں لنڈ گینگ کے سرغنہ شاہد لنڈ کو ہلاک کردیا۔

خیال رہے حکومت پنجاب نے ڈاکو شاہد لنڈ کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقے سے دہشت گردوں، ڈاکوؤں، شر پسند عناصر کا خاتمہ ہمارا اولین مشن ہے۔

 ترجمان نے پتایا کہ ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل ،ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب بین الاضلاعی اشتہاری جبکہ اُس کے خلاف رحیم یار خان اور ضلع راجن پور کے مختلف تھانوں میں کئی مقدمات درج تھے۔

 پنجاب پولیس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا رحیم یار خان اور راجن پور پولیس گزشتہ 2 ماہ سے اس آپریشن کی تکمیل لئے کام کر رہی تھی، پولیس نے باقاعدہ منصوبہ بندی، موثر حکمت عملی کے تحت اپنا ٹارگٹ حاصل کیا۔