کراچی: مبینہ پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

Published On 25 November,2024 01:29 am

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

واقعہ کورنگی انڈسٹریل ایریا ویٹا چورنگی وی آئی پی ہوٹل کے قریب پیش آیا، پولیس نے ڈاکوؤں کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول، دو موبائل فون اور نقد رقم برآمد کرلی جبکہ زخمی گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث تھے جن کا کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، ڈاکوؤں کا چار رکنی گینگ ہے جو دو موٹر سائیکلوں پر وارداتیں کرتا تھا۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان مذکورہ مقام پر شہری سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر گشت کرنے والے ملازم فوری موقع پر پہنچے اور پولیس کو دیکھتے ہی موٹر سائیکل سوار ڈکیتوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ایک زخمی ملزم کی شناخت امام بخش کے نام سے ہوئی جبکہ شدید زخمی ملزم ہسپتال میں دم توڑ گیا جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔