شہر قائد میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بچوں کے استعمال کا انکشاف

Published On 26 November,2024 11:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بچوں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے 10 سالہ موٹرسائیکل لفٹر سمیت 6 رکنی بین الصوبائی لفٹرگروہ گرفتار کر لیا، گلشن معمار پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 10 سالہ موٹرسائیکل لفٹر ملزم شاہ زیب کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار بچے کی نشاندہی پر خاتون ملزمہ سمیت مزید 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے 14 موٹرسائیکلز، 7 کٹے ہوئے چیسز، 9 انجنز اور دیگر پارٹس، سامان برآمد ہوا۔

10 سالہ ملزم شاہ زیب موٹرسائیکلزچوری کرتا تھا، حماد، مزمل اور رفیق موٹرسائیکلز کو کھولتے تھے، گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم مکینک ہے، ملزم پرانی موٹرسائیکل کو کھولتا اور ساتھی ملزمان انہیں فروخت کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق گرفتار خاتون اور ملزم محمد انس نئی چوری شدہ موٹرسائیکلوں کو حب بلوچستان لے کر جاتے اور فروخت کرتے تھے، ملزمان 70 سی سی موٹرسائیکلز 4 سے 5 ہزار میں خرید کر حب میں 11 سے 12 ہزار میں فروخت کرتے تھے۔

موٹرسائیکلز، چیسز اور انجن تمام ترسامان چوری شدہ موٹرسائیکلز کا ہے، موٹر سائیکلوں کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اے وی ایل سی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔