اے این ایف کی کارروائیاں، ساڑھے 20 کروڑ کی منشیات برآمد،6 ملزمان گرفتار

Published On 28 March,2025 11:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

اے این ایف نے 8 مختلف کارروائیوں میں 6 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 20 کروڑ 49 لاکھ سے زائد مالیت کی 2530.11 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق ذاکرکیمپ چاغی کے غیر آباد علاقے سے 2311 کلو چرس اور 66 کلو افیون برآمد کی گئی، مستونگ میں دشت کے پہاڑی علاقے سے 105 کلو چرس پکڑی گئی جبکہ حیدرآباد میں ہوٹل کے قریب ملزم سے 18 کلو چرس برآمد کی گئی۔

فیض پورانٹرچینج جڑانوالہ لاہور کے قریب ملزم کےسفری بیگ میں چھپائی گئی 12 کلو چرس نکلی، کراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل سےعمان بھیجے جانے والی الیکٹرک موٹر سے 8.970 کلوگرام آئس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، چوہڑ چوک بس سٹاپ راولپنڈی کے قریب گاڑی سے 6 کلو چرس سمیت ملزم پکڑا گیا۔

ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب خاتون سمیت ملزم کے قبضے سے 600 گرام افیون اور 540 گرام آئس برآمد کی گئی، پشاور میں کوریئر آفس سے لاہور بھیجے جانےوالے4 پارسلزسےمجموعی طور پر150گرام افیون اور1.850 کلو چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔