گھوٹکی: تین قبائل کے درمیان مسلح تصادم اور پولیس آپریشن میں 15 افراد ہلاک

Published On 07 November,2025 11:08 am

گھوٹکی: (دنیا نیوز) اوباڑو میں تین قبائل کے درمیان فائرنگ کے تبادلے اور ان مسلح گروہوں کے خلاف پولیس اور رینجرز کے مشترکہ آپریشن میں 15 افراد ہلاک ہو گئے، بدنام زمانہ ڈاکو شاہ کوش بھی مارا گیا۔

پولیس کے مطابق اوباڑو میں تین قبائل کے مسلح تصادم کے بعد پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا ہے۔

ڈی آئی جی سکھر نے بتایا کہ آپریشن میں بدنام زمانہ ڈاکو شاہ کوٹ ہلاک ہو گیا، اس کے سر پر 50 لاکھ روپے انعام مقرر تھا، ہلاک ڈاکو ضلع رحیم یار خان میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے مقدمے میں مطلوب تھا۔

انہوں نے بتایا کہ شاہ کوش سندھ اور پنجاب میں 30 سے زائد سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا، ہلاک ہونے والے مزید ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ فورسز کے آپریشن کے دوران شر گینگ کے 9 مسلح ملزمان مارے گئے، 7 ملزمان کی لاشیں ہسپتال منتقل، مزید لاشیں تحویل میں لینے کی کوشش جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مسلح افراد کی فائرنگ میں سیلرا اور دوندو قبیلوں کے 6 افراد ہلاک ہوئے، آپریشن کے دوران ایک پولیس اہلکار امجد درگھ شہید، 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس حکام نے بتایا ہے کہ کچے میں آپریشن جاری ہے، مسلح گروہوں کے خلاف مکمل کارروائی کے لیے مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔