گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) ایف آئی اے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل نے مائیگرنٹ سمگلنگ، غیر قانونی بارڈر کراسنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث خاتون سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبدالسبحان ملک، ادریس علی، محمد ریاض اور خاتون ملزمہ فرحانہ شامل ہیں، ملزمان کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرونِ ملک بھجوانے کے نام پر کروڑوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے، ملزمان نے شہریوں کو ناروے، آسٹریلیا، سپین اور پرتگال بھجوانے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 1 کروڑ 15 لاکھ روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے کے مطابق بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد ملزمان روپوش ہو گئے تھے تاہم خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



