نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان حبیب کو اغوا کرنے کی کوشش

Published On 17 December,2025 03:56 am

ملتان: (دنیا نیوز) نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان حبیب کو اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔

چار گاڑیوں میں سوار 15 مسلح افراد نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر NCCIA ذیشان کو انکی رہائش گاہ ملتان ہومز سے اغوا کرنے کی کوشش کی، آفیسر ریجن کے اہم کیسز کے انکوائری آفیسر بھی ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان حبیب نے بتایا کہ نقاب پوش مسلح افراد میرے گھر میں گھسے، سی سی ٹی کیمروں میں مسلح افراد کی مومنٹ دیکھ کر میں عقبی دروازے سے باہر نکلا، اپنے ادارے کے اعلیٰ افسران میں اغوا کی کوشش بارے آگاہ کردیا ہے۔

ذیشان حبیب نے بتایا کہ اغوا کاروں نے میرے دوست علی کو ذیشان سمجھ کر اغوا کیا تاہم آگے جاکر اسے پھینک کر چلے گئے، اغوا کار نے میرے اہلِ خانہ کو ڈرایا دھمکایا، میری موجودگی بارے پوچھتے رہے، اغوا کاروں میں کچھ لوگ نقاب پوش اور کچھ نے اپنی شناخت کو ظاہر کر رکھا تھا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھاکہ مجھے اغوا کرنے کے لئے جو گاڑیاں آئیں ان میں سے ایک گاڑی کے ذریعے میرے قریبی دوست اسامہ کو تین روز قبل اغوا کیا گیا تھا، نہیں جانتا کہ مجھے اغوا کرنے کی کوشش کرنیوالوں کے عزائم کیا تھے اور وہ کون لوگ ہیں۔