لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی سیشن عدالت نے طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم امیر فتح کی عبوری ضمانت خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پولیس نے ملزم کو مقدمے میں قصور وار قرار دیا ہے، یہ بات بھی تسلیم شدہ ہے کہ ملزم اور مقتول کے درمیان پرانی دشمنی موجود تھی۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ درخواست گزار سنگین الزامات میں ملوث پایا گیا ہے اور وہ عبوری ضمانت کا حق دار نہیں بنتا، پولیس کے مطابق ملزم سے موبائل فون کی ریکوری بھی درکار ہے۔
تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار مدعیہ اور پولیس کی بدنیتی یا کسی پوشیدہ مقصد کو ثابت کرنے میں ناکام رہا جس کے باعث عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت مسترد کر دی۔
واضح رہے کہ تھانہ اچھرہ پولیس نے جاوید بٹ کے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔



