کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے مائی کلاچی میں خاتون اور اس کے 3 معصوم بچوں کو بے دردی سے قتل کر کے مین ہول میں پھینکنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
واقعے کے فوری بعد کیماڑی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم مسرور حسین کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی کیماڑی امجد شیخ کے مطابق گرفتار ملزم مسرور حسین نے دوران تفتیش 4 افراد کے قتل کا اعتراف کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کا کہنا ہے کہ مقتولہ خاتون تعویذ گنڈے کرتی تھی، جس کی وجہ سے میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا، تعویذ کے معاملے سے تنگ آ کر میں نے انیلہ اور اس کے 3 معصوم بچوں کو قتل کیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کیماڑی پولیس اور ایس ایس پی امجد شیخ کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ تیز، پیشہ ورانہ اور فوری کارروائی قابلِ تحسین ہے، سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت اقدامات جاری رہیں گے۔
اس سے قبل مقتولہ انیلا کے بھائی نے لاشوں کی شناخت کیلئے پولیس سے رابطہ کیا اور بتایا کہ بہن کا موبائل فون 30 دسمبر سے بند تھا، آخری بات ایک ہفتہ قبل ہوئی جب گھر گیا تو گھر بند تھا، بہن کی طلاق اڑھائی سال قبل ہوئی تھی جبکہ مقتولہ اور اس کے بچوں کا خرچہ خاندانی کرائے کی پراپرٹی کے ذریعے پورا ہوتا تھا۔



