کراچی:(دنیا نیوز) شہرِقائد کے سول ہسپتال سے 3 ماہ کے بچے کے اغوا کا واقعہ سامنے آگیا، جہاں علاج کے دوران ایک خاتون بچے کو لے کر فرار ہو گئی۔
مغوی بچے کی والدہ میراں نے بتایا کہ 24دسمبر ان کا بچہ بیمار تھا جس پر وہ گھر کے قریب ہسپتال جا رہی تھی کہ جاتے ہوئے بچے کو فیڈر پلانے کے لیے ناکے پر رکی، اس دوران ایک راہ گیر خاتون نے ہسپتال میں بچے کا مکمل علاج کرانے کی یقین دہانی کروائی۔
میراں نے بتایا کہ 25 دسمبر کو وہ خاتون میرے ساتھ بچے کو لے کر سول ہسپتال گئی جہاں بچے کو ڈرپ لگائی گئی اور دیگر طبی امداد فراہم کی گئی، والدہ نے بتایا کہ جب بچے کو ڈسچارج کروانے کا وقت آیا تو وہ خاتون اچانک بچہ لے کر فرار ہوگئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ عیدگاہ میں درج کرلیا گیا ہے جب کہ خاتون ملزمہ کی جانب سے بچے کو ہسپتال سے لے جانے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، فوٹیج میں خاتون کو ایک مرد کے ساتھ بچے کو شعبہ امراض اطفال سے باہر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔



