ایران کے راستے غیر قانونی عراق جانیوالے 17 مسافروں کیخلاف مقدمہ درج

ایران کے راستے غیر قانونی عراق جانیوالے 17 مسافروں کیخلاف مقدمہ درج

ایف آئی اے کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران 17 مسافروں کے پاسپورٹس آئی بی ایم ایس میں ہٹ ہوئے، سفری ریکارڈ کی جانچ پر تمام مسافروں کے نام پی این آئی ایل پر موجود پائے گئے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے ایران کے راستے غیر قانونی طور پر عراق جانے کا انکشاف کیا، ملزمان کے مطابق انہوں نے ایجنٹ کامل حسین کو فی کس ایک لاکھ 20 ہزار روپے ادا کیے تھے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق عراق پہنچنے پر عراقی پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے جرمانہ عائد کیا، بعد ازاں انہیں پاکستان ڈی پورٹ کردیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایجنٹ کامل حسین اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا، مقدمے کی تفتیش انسپکٹر محمد عظیم کے سپرد کردی گئی ہے۔

ایف آئی اے نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔