ممبئی (نیٹ نیوز ) نام تبدیل کرنے کا فیصلہ میرا اپنا تھا کسی نے گن پوائنٹ پر مجھ سے یہ کام نہیں کروایا ، سونم کپور
نامور بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کے شوہر آنند آہوجا نےبھی اپنی اہلیہ کی طرح شادی کے بعد اپنا نام تبدیل کرلیا۔ شادی کے بعد خواتین اپنے نام کا آخری حصہ جسے عموماً (سرنیم) کہا جاتا ہے تبدیل کرلیتی ہیں اور عموماً پیا دیس سدھارنے کے بعد خواتین کو ان کے شوہر کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ تاہم کچھ خواتین اپنا نام تبدیل نہیں کرتیں۔ لیکن ایسا کبھی سننے میں نہیں آیا کہ کسی مرد نے شادی کے بعد اپنے نام کے ساتھ اپنی بیوی کا نام لگایا ہو۔ ناممکن نظر آنے والی یہ بات سونم کپور کے شوہر آنند آہوجا نے سچ کردکھائی ہے۔ شادی کے فوراً بعد سونم کپور نے زیادہ تر خواتین طرح اپنے نام کے ساتھ اپنے شوہر کے نام کااضافہ کرلیا تھااور سوشل میڈیا کے تمام اکاؤنٹس پر انہوں نے اپنا نام تبدیل کرکے ’سونم کپور آہوجا‘کرلیا تھا۔ سونم کے ساتھ آنند آہوجا نے بھی اپنی اہلیہ سے بے انتہا محبت کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے نام میں ’ایس‘ کا اضافہ کرلیا جس کے بعد ان کا نام ’آنند سونم آہوجا‘ہوگیا۔
واضح رہے کہ سونم کپور کے نام تبدیل کرنے کی جہاں تعریف کی جارہی تھی وہیں انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ سونم ویسے تو صنفی مساوات کی بات کرتی ہیں لیکن شادی کے فوراً بعد انہوں نے اپنے نام کے ساتھ شوہر کانام لگالیا۔ اس تنقید کے جواب میں سونم کا کہنا تھا کہ نام تبدیل کرنے کا فیصلہ میرا اپنا تھا۔ کسی نے گن پوائنٹ پر مجھ سے یہ کام نہیں کروایا، آنند نے بھی شادی کے بعد اپنا نام تبدیل کیا ہے لیکن کسی نے بھی اس بارے میں بات نہیں کی۔
سونم نے مزید کہا میں آج بھی صنفی مساوات کی حمایت کرتی ہوں اور اپنے فیصلے خود کرتی ہوں میرے شوہر اور ان کے گھر والے مجھ سے کچھ نہیں پوچھتے بالکل اسی طرح میں نے آنند سے نہیں پوچھاکہ انہوں نے ایسا کیوں کیا انہوں نے اپنی مرضی سے نام تبدیل کیا ہے۔ واضح رہے کہ اداکارہ سونم کپور 8 مئی کواپنے قریبی دوست اور بھارتی بزنس مین آنند آہوجا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔